پرتھ، 6 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جنوبی افریقہ نے آج یہاں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن میزبان آسٹریلیا کے سامنے ریکارڈ 539 کا ہدف رکھا اور دوسری اننگ میں اس کے دو وکٹ بھی گرادئیے ۔میزبان ٹیم 539رنوں کے عظیم الشان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک دو وکٹ گنوا کر 84رنوں پر تھی۔اس نے اپنے دونوں سلامی بلے بازوں کا وکٹ گنوایا ہے ۔عثمان خواجہ 16رن اور اسٹیو اسمتھ 11رن بنا کر کریز پر کھیل رہے ہیں۔تیمبا باؤما نے خطرناک ڈیوڈ وارنر کو 35رنوں کے اسکور پر پویلین بھیج دیا جس سے پہلے وکٹ کی 52رنوں کی شراکت داری کا اختتام ہوا۔وارنر نے اپنے سامنے ہی گیند گرائی اور تیزی سے ایک رن کے لیے بھاگنے لگے۔باؤما نے گیند لی اور انہوں نے تقریبا ہوا میں لہراتے ہوئے طاقتور تھرو کیا۔اس سے نان اسٹرائیک کے اسٹمپ اکھڑ گئے اور وارنر اس وقت چند سینٹی میٹر دور رہ گئے تھے۔چار گیندوں کے بعد ان کے ساتھی سلامی بلے باز شان مارش(15)کاگسو رباڈا کی گیند پرفاف ڈو پلیسس کو دوسری سلپ میں کیچ تھما بیٹھے۔گھریلو ٹیم کے لیے حالات اس وقت اور زیادہ خراب نظر آنے لگے جب نئے بلے باز خواجہ کو پارٹ ٹائم اسپنر جے پی ڈومنی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا گیا۔